ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شیرور مٹھ کے گم شدہ ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈرس سورنا ندی سے دستیاب۔ رمیا شیٹی کا قریبی اور معاون اقبال پولیس کی گرفت میں ؟

شیرور مٹھ کے گم شدہ ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈرس سورنا ندی سے دستیاب۔ رمیا شیٹی کا قریبی اور معاون اقبال پولیس کی گرفت میں ؟

Thu, 26 Jul 2018 12:42:05    S.O. News Service

اڈپی 26؍ جولائی (ایس او نیوز) شیرور مٹھ کے لکشمی ورا تیرتھا سوامی کی مشکوک موت کے سلسلے میں تحقیقات کررہی ٹیم کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے،کیونکہ ہیری اڈکا میں واقع شیرور مولا مٹھ سے غائب ہونے والے سی سی کیمروں کے ڈیجیٹل ویڈیوریکارڈرس سورنا ندی سے بر آمد کرلیے گئے ہیں۔

بتایاجاتا ہے کہ19جولائی کو شیرور مٹھ سوامی کی پراسرار موت کے بعدمٹھ کے اسٹاف سے تحقیقات کے دوران پولیس کو پتہ چلاکہ 18جولائی کی رات میں دو افراد مٹھ میں آئے اور سوامی جی کے بیڈ روم سے کچھ چیزیں اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ پولیس نے مذکورہ افراد سے جب تفتیش کی تو انہوں نے ڈی وی آر کو سورنا ندی میں پھینکنے کی بات قبول کی۔ حالانکہ پولیس نے اس بات کا اعتراف نہیں کیا ہے مگرمعلوم ہوا ہے کہ اس نے غوطہ خوروں اور میٹل ڈیٹکٹرس کی مدد سے یہ ویڈیو ریکارڈس ندی سے بر آمد کرلیے ہیں۔چونکہ ڈی وی آر کے اندر پانی اور کیچڑ چلا گیا ہے اس لئے سمجھا جاتا ہے کہ اس سے ریکارڈنگ کی فوٹیج حاصل کرنے میں ابھی تھوڑا وقت لگے گا، لیکن اس کے معائنے سے سوامی جی کی عام او ر خاص سرگرمیوں جیسے شراب نوشی، خواتین کے ساتھ جنسی سرگرمیاں اورغذا میں سوامی جی کو زہر دینے وغیرہ کے تعلق سے تمام تفصیلات پولیس کو مل جائیں گی اور ان کی موت کا اصل سبب جاننے میں مدد یہ فوٹیج کار آمد ہوگی۔

جہاں تک سوامی جی کی موت کے بعد ان کے سونے کے زیورات غائب ہونے کی بات ہے اس سلسلے میں بہت سارے شکوک وشبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ لیکن سوشیل میڈیا پر سوامی جی کی آشنا اور قریبی خاتون رمیا شیٹی کی ایسی تصاویر گردش کررہی ہیں جس میں وہ اسی انداز کے زیورپہنے ہوئے دکھائی دے رہی ہے۔ اسی دوران خاص ذرائع سے یہ خبربھی ملی ہے کہ رمیا شیٹی کو اپنی کار میں ممبئی فرار ہونے کے لئے تعاون کرنے والے اس کے ایک اور دوست اقبال کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔کہا جاتا ہے کہ دبئی میں قیام کے دوران اقبال کی رمیا شیٹی کے شوہرکے ساتھ دوستی ہوگئی تھی اور بعد میں وہ رمیا کا بھی دوست بن گیا۔ خیال رہے کہ پولیس کے اعلیٰ افسران نے رمیا شیٹی سمیت ابھی تک کسی کی بھی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی ہے۔


Share: